ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت مزید 200 ٹن امدادی سامان دو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کر دیا گیا۔
حالیہ امدادی سلسلے کے تحت اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 18ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پرواز روانہ کی گئی، قبل ازیں 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 17 ویں کھیپ 7 اگست کو روانہ کی گئی تھی۔
18 ویں کھیپ میں 100 ٹن امدادی سامان بشمول راشن بیگز، تیار کھانا اور ادویات روانہ کیا گیا ہے، اب تک 18امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن 1815 ٹن ہے۔
سامان روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر فلسطینی سفیر سمیت حکومتی نمائندے اوراین ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیرنے سامان کی فوری روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداورں کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گا۔