رضوان نقوی: لاہور سمیت صوبہ بھرمیں کام کرنے والی غیر رجسٹرڈ خیراتی تنظیموں، این جی اوز، این پی اوز اور ٹرسٹس کو پنجاب چیریٹی کمیشن کے تحت رجسٹرڈ ہونے کا آخری موقع مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب چیریٹیز ایکٹ دوہزار اٹھارہ کے تحت محکمہ داخلہ نے لاہور سمیت صوبہ بھرمیں کام کرنے والی خیراتی تنظیموں، این جی اوز، این پی اوز اور ٹرسٹس کو پنجاب چیریٹی کمیشن کے تحت رجسٹرڈ ہونے کا آخری موقع دے دیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے تمام غیر رجسٹرڈ این جی اوز، خیراتی اداروں کو رجسٹریشن کیلئے 31اگست تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق صرف چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ تنظیمیں، این جی اوز اور ٹرسٹ ہی صدقات،خیرات،عطیات اور مالی معاونت وصول کرسکیں گے۔ پنجاب چیریٹی کمیشن نے غیررجسٹرڈ تنظیموں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کردی ہے۔
محکمہ داخلہ نے31اگست کے بعد غیر رجسٹرڈ تنظیموں، این جی اوز اور خیراتی اداروں کو سرگرمیاں روکنے کا عندیہ دے دیا ہے۔