ویب ڈیسک :مری میں گزشتہ 5 روز سے جاری بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے۔
جھیکا گلی کے علاقے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی اہم سڑکیں بھی سلائیڈنگ کی زد میں آ گئیں۔
محکمہ ہائی وے کے مطابق متاثرہ سڑکوں کو فوری طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ آمدورفت کو معمول پر لایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہناتھا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ متاثرہ افراد کو راشن، ٹینٹ، کمبل اور صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ مشکل کی اس گھڑی میں انتظامیہ مکمل طور پر متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ فوری رہائش کے لیے جھیکا گلی میں ایک عمارت مختص کر دی گئی ہے، جبکہ دو متاثرہ خاندانوں کو کرائے کے گھروں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی مری کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ریسکیو ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور انتظامی افسران مسلسل متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔