ویب ڈیسک :عظمی بخاری نے حالیہ دنوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان سیز فائر میں پاکستان کے مثبت کردار کو ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی نظریں اب پاکستان پر مرکوز ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ درست سیاسی اور سفارتی حکمت عملی کی بدولت پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اس کامیابی میں کلیدی قرار دیا، اور کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔
وزیر اطلاعات نے افسوس کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص ٹولہ اس کامیابی پر بھی ناخوش ہے، جو ہر مثبت پیش رفت کو متنازع بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دیکھیں کہ کون پاکستان کی ہر کامیابی سے جلتا ہے اور ملک دشمنی کرتا ہے۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کو ڈیفالٹ کی خبروں سے جوڑا جاتا تھا، لیکن آج الحمدللہ پاکستان ایک ذمہ دار اور باوقار عالمی طاقت کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جو اپنی کامیابیوں سے دنیا میں مثبت تاثر قائم کر رہا ہے۔