سٹی 42: میٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایک دوسرے سرکاری ادارہ کی طفل تسلیوں کے برعکس آج بھی لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، سخت گرمی پڑے گی اور ٹمپریچر دوپہر کو 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچے گا۔
لہوریوں کو کسی قدر ریلیف ہوا کی وجہ سے ملے گا جو دن کے دوران بیشتر وقت چلتی رہے گی۔ ہوا کی رفتار صرف 10 کلو میٹر فی گھٹہ کے لگ بھگ ہو گی لیکن یہ اوپر سے برسنے والی بے تحاشا گرمی کو کسی ایک جگہ جمع رہنے سے روکتی رہے گی اور کھلے میں رہنے والوں کو پسینے سے کافی حد تک بچا لے گی۔
آج منگل کی رات البتہ از حد خوشگوار ہو گی، ٹمپریچر کم ہو کر 23 ڈگری تک رہ جائے گا، رات بھر ہلکی ہوا چلے گی اور گرمی کا کوئی احساس نہیں ہو گا۔
کل بدھ کے روز سے امکان ہے کہ ویسٹرلی وِنڈز کے زیر اثر لاہور میں بھی کچھ بادل آ جائیں گے جو سورج کی برسائی ہوئی گرمی کو کسی حد تک روک کر کم کر دیں گے، تب بھی ٹمپریچر 35/ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پرسوں جمعرات، اس کے بعد جمعہ اور ہفتہ کے روز بھی آسمان پر ہلکے بادل موجود رہیں گے اور بعض دیگر علاقوں میں بارش ہونے کے ضمنی اثر سے لاہور میں بھی گرمی کسی حد تک کم ہو گی تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہو گا۔ مغربی ہواؤں کے زیر اثر بدھ سے جمعہ (زیادہ سے زیادہ ہفتہ تک) قدرے کم گرمی کے دن گزارنے کے بعد لاہور کے شہریوں کو اتوار کے روز سے ایک بار پھر شدید گرمی کا سپیل بھگتنا ہو گا۔
اتوار سے بدھ تک ماحول میں گرمی مسلسل بڑھے گی اور دن کے وقت ٹمپریچر 42 ڈھری تک بڑھے گا۔ اپریل کے دوران 42 ڈگری سینٹی گریڈ لاہور والوں نے اس سے پہلے کم ہی بھگتا ہو گا۔ سندھ کے کئی علاقوں میں ٹمپریچر کئی دنوں سے 42 بلکہ اس سے بھی دو ڈگری زیادہ تک نوٹ کیا جا رہا ہے۔
آنے والے دنوں میں یعنی آج اور کل سے مغربی ہواؤں کی وجہ سے سندھ میں تو گرمی کا موجودہ شدید سپیل ٹوٹ جائے گا تاہم لاہور میں گرمی ہی رہے گی۔
