ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نوجوانوں کو ویکسین لگنے میں 7 برس لگ جائیں گے، حیران کن انکشاف

نوجوانوں کو کورونا ویکسین
کیپشن: Corona Vaccine
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد چوہدری:کورونا ویکسی نیشن کا سرکاری عمل شدید سست روی سے دوچار، ہر صوبے میں یومیہ 23 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا سرکاری ہدف،لیکن پنجاب میں صرف ساڑھے 8 ہزار افراد کو ویکسین لگ رہی ہے، ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرنے کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ نےتمام کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ہدف کے مطابق اگر ویکسی نیشن کی جائے تو پنجاب کی بالغ آبادی کو ویکسین 7 برسوں میں لگ سکے گی، ویکسی نیشن کی سست روی کی صورت میں پنجاب کے بالغ شہریوں کی ویکسی نیشن کیلئے 19 برس لگیں گے۔ ویکسی نیشن میں سست روی کے باعث محکمہ پرائمری ہیلتھ نے تمام کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کی ویکسی نیشن میں دلچسپی کو بڑھانے کیلئے ہر ضلع میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے۔ ضلعی سطح پر کال سنٹرز قائم کرکے ویکسی نیشن کیلئے رجسٹرڈ شہریوں کو ویکسین لگوانے کیلئے رہنمائی فراہم کی جائے۔

دوسری جانب کورونا کی تیسری لہر کے دوران کیسز میں بتدریج اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 575 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 28 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس کا شکار 752 مریض سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل ہیں، ان میں سے 202 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، ان کو وینٹی لیٹر پر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے  اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 98 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار 124 ہوگئی جبکہ ایک دن میں کورونا کے مزید 5 ہزار 329 مثبت کیسزرپورٹ ہوئے۔ گزشتہ روز کورونا کے 49 ہزار 816 ٹیسٹ کئے گئے ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 69 فیصد رہی۔پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہوگئی۔

این سی او سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 2 لاکھ 40 ہزار 584، سندھ میں 2 لاکھ 67 ہزار 612، خیبر پختونخوا میں 94 ہزار 880، بلوچستان میں 19 ہزار 999، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 70، اسلام آباد میں 63 ہزار 499 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 873 کیسز رپورٹ ہوئے۔