( رضوان نقوی ) ان لینڈ ریونیو سروس کی گریڈ 22 کی آفیسر نوشین جاوید امجد نے چیئر پرسن ایف بی آر کا چارج سنبھال لیا۔
ان لینڈ ریونیو سروس کی گریڈ 22 کی آفیسر نوشین جاوید امجد بطور چیئرپرسن ایف بی آر تعینات ہونے سے قبل ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں ممبر ایڈمن کی آسامی پر تعینات تھیں۔
سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی چھٹی کے دورانیہ میں نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر کا نگران چارج سونپا گیا تھا تاہم شبر زیدی کی رخصتی کے بعد انہیں چیئرپرسن ایف بی آر کی اہم ترین آسامی کا ریگولر چارج دیا گیا ہے۔
ان لینڈریونیو سروس کے حلقوں میں نوشین جاوید امجد کی تعیناتی کو درست فیصلہ قرار دیا جارہا ہے۔
خیال رہے ایف بی آر کے سابق چیئرمین شبر زیدی پہلے سے ہی غیر معینہ مدت کے لیے رخصت پر تھے اور شبر زیدی کی بطور چیئرمین اعزازی تقرری بھی فوری طور پر ختم کردی گئی ہے۔ سید شبر زیدی نے خرابی صحت کی بنا پر رخصت لے رکھی تهی۔چیئرمین ایف بی آر کا عہدہ 17 جنوری سے خالی تھا، یاد رہے کہ شبرزیدی کو 2 سال کیلئے چیئرمین ایف بی آر تعینات کیاگیا تھا۔
واضح رہے کہ ماضی میں سندھ کی نگراں حکومت کے دوران وزیر خزانہ کے طور پر خدمات انجام دینے والے شبر زیدی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں ۔ انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان اورساؤتھ ایشین فیڈریشن آف اکاؤنٹنٹس کے صدر رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ نجی شعبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے گزارا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 2019 میں معاشی امور کے ماہر شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا چیئرمین لگا تھا۔