ریلوے کا مزید ٹرین بوگیوں میں قرنطینہ بنانے کا فیصلہ

ریلوے کا مزید ٹرین بوگیوں میں قرنطینہ بنانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں دن بدن اضافہ، وزارت ریلوے کی ہدایت پر ریلوے ہیڈکوارٹر نے تمام اے جی ایم اور ڈویژنل دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں دن بدن اضافے کے باعث ریلوے حکام نے مزید بوگیوں میں قرنطینہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ ریلوے ہیڈکوارٹر نے تمام اے جی ایم اور ڈویژنل دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا۔

مراسلے کے متن کے مطابق جن شہروں میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے ان ریلوے سٹیشنوں پر انتظامات کیے جائیں۔ لاہور، فیصل آباد، سکھر، حیدرآباد، میرپورخاص، کوئٹہ، پشاوراور بہاولپور ریلوے سٹیشنوں پر انتظامات بہتر بنائیں جائیں۔

مراسلے میں کیا گیا ہے کہ سٹیشنوں پربوگیوں میں قرنطینہ وارڈ بنائیں جائیں، تاکہ جن شہروں میں قرنطینہ وارڈ کی ضرورت پڑے ٹرین بوگیاں ان شہروں میں بھیجی جائیں۔

 کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جہاں حکومتی اور سماجی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں وہیں وزارت ریلوے کی جانب سے بھی کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدام اٹھاتے ہوئے ٹرین کے اندر قرنطینہ سنٹر بنا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کچھ روز قبل وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کی جانب سے قرنطینہ ٹرین کا افتتاح کیا گیا تھا۔ شیخ رشید کی جانب سے افتتاح کی گئی ٹرین میں ،6 ڈبوں پر مشتمل 50 بیڈ کا قرنطینہ سنٹر بنایا گیا ہے جس میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو رکھا جا سکتا ہے۔

قرنطینہ ٹرین میں 6 کمروں پر مشتمل انتہائی نگہداشت کا یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ جبکہ قرنطینہ میں 6 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔

آئسولیشن وارڈ میں اٹیج باتھ روم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ جو مریضوں کے علاج کے لیے محمکہ صحت کے حکام کو فراہم کر دی گئی ہے۔