کورونا وائرس کی وجہ سےلیسکو کی ریکوری شدید متاثر ہو گئی

 کورونا وائرس کی وجہ سےلیسکو کی ریکوری شدید متاثر ہو گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہد ندیم سپرا) کورونا وائرس کی وجہ سے لیسکو کی ریکوری شدید متاثر ہو گئی، شعبہ فنانس نے ملازمین کا ٹی اے ڈی اے بند جبکہ آف ڈے ویژن کی مد میں پچاس فیصد تک کٹوتی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لیسکو کی ریکوری معاملات شدید متاثر ہو گئے ہیں، ملازمین کے ٹی اے ڈی اے کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کےمطابق آف ڈے ویجز کی مد میں ادائیگی میں بھی پچاس فیصد کمی کر دی گئی ہے جبکہ کمپنی کے شعبہ فنانس نے تمام شعبوں کو زائد اخراجات کرنے سے روک دیا ہے، کمپنی کے اسسٹنٹ مینجر، ڈپٹی مینجر اور مینجرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔

  چیف فنانشل آفیسر بشری عمران کے مطابق موجودہ ملکی حالات کی وجہ سے ریکوری حالات متاثر ہوئے ہیں، سب ڈویژن، ڈویژن اور سرکل کی سطح پر اخراجات کو محدود کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، اسی طرح ضرورت کے مطابق آپریشنل معاملات کو چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے اربوں روپے کی ریکوری کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، کمپنی نے گیارہ ارب روپے کے نادہندگان سے اقساط میں ریکوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری و نجی نادہندگان سے تین اقساط کی صورت میں ریکوری کی جائیگی۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے لیسکو کی جانب سے گھریلو صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا، لاک ڈاؤن تک بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع نہیں کیے جائیں گے اس کے علاوہ  دو سے تین ماہ تک بل جمع نہ کروانے اور اقساط میں جمع کروانے والوں کے کنکشن بھی منقطع نہیں ہوں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا  کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے،  اب تک کورونا وائرس 55 افراد کی جانیں لے چکا ہے جبکہ  4004  افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، پنجاب میں اس وقت کورونا کے 2004، سندھ میں 932 ، بلوچستان میں202 ، اسلام آباد میں 83، گلگت بلتستان میں211 ، آزاد کشمیر میں 19اور خیبرپختونخوا میں 500 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer