ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے سابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی کے خلاف دائر پانچ سال پرانی توہینِ عدالت کی درخواست عدالتی حکم پر عمل درآمد ہونے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے شہری سید علی رضا کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وقاص عمر عدالت میں پیش ہوئے اور پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار نے مقدمے کی تفتیش تبدیل کرنے کی استدعا کی تھی، جس پر ان کی درخواست کے مطابق مقدمے کی تفتیش تبدیل کردی گئی تھی۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے بتایا کہ متعلقہ مقدمے کا چالان بھی عدالت میں جمع کروایا جاچکا ہے جبکہ مقدمے کا ٹرائل تاحال زیرِ سماعت ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ عدالت کے حکم پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لیا اور رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد ہوچکا ہے، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے سابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست نمٹا دی۔