ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جلالپور پیروالا میں ریسکیو کشتی الٹنے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ اُنہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف کی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر کیا جائے، نقل مکانی کرنے والے افراد کی بروقت اور بھرپور امداد یقینی بنائی جائے، ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط و تعاون کو مزید مربوط بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے، پاکستان کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر مؤثر حکمت عملی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں جامع منصوبہ بندی تشکیل دے رہے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پیشگی اطلاعات، مضبوط و پائیدار انفراسٹرکچر اور ریسکیو و امداد کا نظام مزید مربوط کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔