سٹی42: بجلی چوری پکڑی جانے پرمسلح افراد نےلیسکو ٹیم پر حملہ کر دیا، ڈنڈے برسادیئے، حبس بے جا میں رکھا۔
بجلی چوروں اور بل ادا نہ کرنے والوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کے اعلان کے بعد لیسکو ٹیم کاچونیاں میں آپریشن، بجلی چوری پکڑی جانے پرمسلح افراد نےلیسکو ٹیم کو اغوا کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنادیا۔
پولیس کے مطابق چونیاں کے نواحی علاقے کل موکل میں بجلی چوروں کے ہاتھوں لیسکو ٹیم کوگن پوائنٹ پر اغوا کےبعد تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، زرعی ٹیوب ویل پر بجلی چوری پکڑی جانے پر ملزموں نے لیسکو ٹیم پر حملہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان لیسکو ٹیم کو گن پوائنٹ پر اغوا کرکے اپنی حویلی میں لے گئے اور ڈنڈوں، آہنی راڈز اور مکوں سے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا، ملزموں نے 2 گھنٹے تک لیسکو ٹیم کو حبس بجا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے سرکاری اہلکاروں پر تشدد اور حبس بے جا میں رکھنے اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم اب تک کوئی مزید کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔