(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بیٹے آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کو مد نظر رکھتے ہوئے اداکار اجے دیوگن کے ساتھ طے شدہ اشتہار منسوخ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آخری لمحات میں شاہ رخ خان کی جانب سے ذاتی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اشتہار میں آنے سے انکار کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اشتہار کے سیٹ پر شاہ رخ خان کی آمد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل تھیں لیکن اداکار آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کو سامنے رکھتے ہوئے سیٹ پر نہ پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق اشتہار کے سیٹ پر 20 سے 25 باؤنسرز تعینات تھے جبکہ صبح سے ہی شاہ رخ کی وینیٹی وین بھی سٹوڈیو میں موجود تھی لیکن دوپہر 3 سے 4 بجے کے دوران اداکار نے اشتہار منسوخ کردیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا گیا ہے کہ شاہ رخ کے انکار کے بعد اب اجے دیوگن ہی اس اشتہار کو مکمل کریں گے۔
خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) نے گزشتہ ہفتے اتوار کے روز ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا جس کے باعث بالی وڈ سٹار بہت پریشانی میں مبتلا ہیں۔
بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ گرفتاری کے بعد آریان خان مبینہ طور پر والد سے پہلی ملاقات کے دوران خاصے جذباتی ہوگئے اور جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے رو پڑے۔رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے این سی بی سے گرفتار بیٹے آریان خان سے ملنے کے لیے اجازت طلب کی تھی جس کے بعد آریان والد سے ملاقات کے دوران آبدیدہ ہوگئے۔