ویب ڈیسک : سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے باعث مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
سندھ میں ڈینگی کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جس کے بعد رواں سال صوبے بھر میں ڈینگی سے اموات کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 5 ہزار 899 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1 ہزار 192 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کراچی ریجن میں 4 ہزار 371 ٹیسٹوں میں سے 641 کیسز جبکہ حیدرآباد میں 550 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 109 نئے مریض اور نجی اسپتالوں میں 100 مریض داخل کیے گئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 940 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ رواں سال کے دوران ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہزار 502 ریکارڈ کی گئی ہے۔