(ویب ڈیسک)راولپنڈی میں آج تیسرے دن بھی نان بائیوں کی ہڑتال جاری ہے۔
نان بائیوں کی ہڑتال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اورگھروں میں دوبارہ روٹیاں پکانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
نان بائیوں کی ہڑتال کے باعث شہریوں کی جانب سے بیکریوں سے رس کیک، بن اور شیر مال کی خریداری میں اضافہ ہوگیا ہے۔
نان بائیوں نے ہڑتال کا دائرہ پنجاب بھر تک پھیلانے کا اعلان کر دیا ہے، صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ ہم جیل بھرو تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں، ہم 10500 روپے بوری سرخ آٹا خرید کر 14 روپے روٹی اب فروخت نہیں کرینگے،موجودہ حکومت آئی آٹا سرخ بوری 5500 روپے سے 10500 روپے ہوگیا جبکہ میدہ فائن آٹا بوری 6200 روپے تھی اور آج 12 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کاکہناہے کہ تنوروں کو جرمانے 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک کئے جاتے ہیں، پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی پیرا کا رویہ انتہائی توہین آمیز ہوتا ہے، انتظامیہ سے مذاکرات کاکوئی فائدہ نہیں، جیل بھرو تحریک اور ہڑتال پنجاب بھر میں وسیع کرنے کیلئے آج اہم اجلاس ہورہا ہے۔