(ویب ڈیسک) اسکاٹ لینڈ میں بچوں کو تھپڑ مارنے کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بل کو منظور کرلیا ہےجس کے تحت بچوں کو تھپڑ مارنا اب غیر قانونی ہوگا۔اسکاٹ لینڈ بچوں کو تھپڑ مارنے پر پابندی عائد کرنے والا برطانیہ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
پاس ہونے والے بل کے مطابق بچوں کو اب بڑوں کی طرح مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے لیکن چند وجوہات کی بناء پر سزا دینے کے لیے برطانیہ کے کچھ حصوں میں اب بھی بچوں کو تھپڑ مارنے کی اجازت ہوگی لیکن یہ وجوہات کیا ہوں گی اس کا تعین ہر کیس کو دیکھ کیا جائے گا مگر ان وجوہات کو بچوں کو ایسی شدید جسمانی سزائیں دینے کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا جس سے ان کے جسم کے کسی حصے کو نقصان پہنچے۔
بل کے مطابق 16 سال سے کم عمر تک کے بچوں کو تھپڑ مارنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور اس بل کے تحت اب ایسی وجوہات کا بھی دفاع نہیں کیا جاسکے گا جس کے تحت بچے کو سزا دینا ضروری ہو یعنی بچے کو جسمانی سزا دینے کی صورت میں والدین کو قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
بل کے تحت بچے کو منہ پر یا جسم کے کسی حصے پر تھپڑ مارنے، ہاتھ یا کسی اور چیز سے مارنے، لات مارنے، اٹھا کر پھینکنے، مکا مارنے اور بال پکڑنے پر پابندی ہوگی جب کہ بچے کو کسی بے سکون جگہ پر بیٹھنے کے لیے بھی مجبور نہیں کیا جاسکے گا۔