ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اداکارہ میرا کی ٹی وی پر واپسی? نیا اوردلچسپ اشتراک

اداکارہ میرا کی ٹی وی پر واپسی? نیا اوردلچسپ اشتراک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایک نئی اور دلچسپ شراکت داری کی خبریں سامنے آ گئی ہیں، جہاں اداکارہ میرا اور معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر ایک مشترکہ پراجیکٹ پر کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اداکارہ میرا نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ نئے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔

میرا کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر ان کے پروڈکشن ہاؤس "ریڈ لپ اسٹک پروڈکشن" کیلئے ایک فلم اور ایک ڈرامہ سیریل تحریر کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مجوزہ ڈرامہ تقریباً 30 اقساط پر مشتمل ہوگا اور اس پر ابتدائی کام شروع کیا جا چکا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر طویل عرصے بعد کسی بڑے ڈرامے کے ذریعے واپسی کریں گی، جسے وہ اپنے کیریئر کا نیا تجربہ قرار دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اچھا اسکرپٹ، مضبوط ہدایتکار اور مناسب پلیٹ فارم ملا تو وہ مزید پراجیکٹس میں بھی کام کریں گی۔

میرا گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستانی فلم انڈسٹری کا نمایاں نام رہی ہیں اور اب اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور پروڈیوسر بھی اپنی شناخت بنا رہی ہیں۔ ان کی آنے والی فلم “سائیکو” بھی کافی عرصے سے خبروں میں ہے۔

دوسری جانب خلیل الرحمان قمر کو پاکستان کے کامیاب ترین لکھاریوں میں شمار کیا جاتا ہے، جن کے متعدد ڈرامے اور فلمیں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔ ان کے اس نئے اشتراک کو انڈسٹری میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

شوبز حلقوں کے مطابق میرا کے تجربے اور خلیل الرحمان قمر کی تحریر کا امتزاج ناظرین کیلئے ایک منفرد اور توجہ حاصل کرنے والا منصوبہ ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم فلم اور ڈرامے کی کاسٹ، ریلیز اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں لائی گئیں۔