"کورونا سے نمٹنے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے، گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کرکے شہری خود اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سماجی فاصلے برقرار رکھنا اورایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں، کورونا سے بچنے کا واحد حل گھروں میں رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزراء سید صمصام بخاری، ملک اسد کھوکھر، نعمان لنگڑیال، سردار آصف نکئی، سردار محمد سبطین خان، رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس اور سابق رکن اسمبلی رائے حسن نواز شامل تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات کے حوالے سے مزید موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں، پنجاب حکومت اب تک تقریباً ایک لاکھ 7 ہزارسے زائد ٹیسٹ کر چکی ہے، پنجاب میں 8 بی ایس ایل تھری لیبز کو فنکشنل کر دیا گیا ہے، ان لیبز پر 62 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی روزانہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران تقریباً 5030 ٹیسٹ کئے گئے ہیں، ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بتدریج 10 ہزار روزانہ تک بڑھا دیا جائے گا، کورونا سے نمٹنے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے 3086 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، 6 اضلاع میں سمارٹ سیمپلنگ کا آغاز  بھی کر دیا گیا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer