ویب ڈیسک : وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاناکوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن قیمتیں بڑھانے کےعلاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔پیٹرولیم لیوی کی قیمتیں کم کرکے جتنا ریلیف دے سکتے تھے دیا گیا ہے ، صورتحال بہتر ہوتی ہےتو انشااللہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے اپنا ہوم ورک مکمل کر کے تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہیں، اب انتخابات کی حتمی تاریخ اور انعقاد کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی جنگ یا کسی اور بہانے سے ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو بھی اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
قبل ازیں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مجبوری میں کیا۔ جیسے ہی معاملات بہتر ہوں گے اسی پھرتی کے ساتھ قیمتیں کم کریں گے، ہفتہ وار قیمتوں کا جائزہ لیں گے۔
علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان نے صورتحال کے مطابق اپنے ذخائر کو بڑھا لیا تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جن لوگوں نے پٹرول کی فروخت روک کر منافع خوری کی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔