درِنایاب: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹوں کی فوری ٹرانسفر کے لیے ایگزیکٹو ٹرانسفر سسٹم متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت رہائشی پلاٹ صرف 24 گھنٹوں کے اندر ٹرانسفر کیے جا سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق گورننگ باڈی کے اجلاس میں اس نئے نظام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ اس سسٹم کے تحت ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹوں کی ٹرانسفر کے لیے خصوصی فاسٹ ٹریک سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو طویل انتظار سے نجات مل سکے۔
حکام کے مطابق ایگزیکٹو ٹرانسفر سروس کے لیے 15 ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے فیس وصول کی جائے گی۔
درخواست جمع ہونے کے بعد ورکنگ ٹائم کے دوران تمام ضروری کارروائیاں مکمل کی جائیں گی، جن میں فیسوں کی ادائیگی، ویریفکیشن اور بائیومیٹرک تصدیق شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق شناخت کا عمل مکمل ہوتے ہی متعلقہ پلاٹ کا ٹرانسفر لیٹر فوری جاری کر دیا جائے گا۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق جو درخواستیں دوپہر ایک بجے تک جمع کرائی جائیں گی ان کی کارروائی اسی دن مکمل کر کے ٹرانسفر لیٹر جاری کر دیا جائے گا، جبکہ ایک بجے کے بعد جمع ہونے والی درخواستوں کو اگلے روز ٹرانسفر کر کے لیٹر دیا جائے گا۔
ایل ڈی اے کے مطابق اس نئے نظام سے نہ صرف ادارے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو پلاٹ ٹرانسفر کے عمل میں فوری اور مؤثر سہولت بھی میسر آئے گی۔