ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث شہر میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 7 سے 12 جون تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کراچی میں بھی موسم شدید گرم رہے گا اور 8 سے 12 جون کے درمیان درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں آج دن کے اوقات میں گرمی کی شدت محسوساتی طور پر 43 ڈگری تک جا سکتی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کی زیادہ مقدار کے باعث اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ گرمی محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ افراد دھوپ سے بچیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔
مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے تاکہ جسم میں پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔