ویب ڈیسک: وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایف سی ہیڈ کوارٹرز وانا کا دورہ کیا اور مغربی سرحد پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
دورے کے دوران آئی جی ایف سی کے پی ساؤتھ نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قبائلی عوام اور سکیورٹی فورسز کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے جوانوں کے ہمراہ عید کی نماز ادا کی اور ملک میں امن و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ انہوں نے جوانوں اور افسران کی جرات، قربانی اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور ثابت قدمی وطن عزیز کے تحفظ کی مضبوط ضمانت ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کے تعاون اور قربانیوں کو بھی سراہا اور ان کے جذبے کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔