دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریاں

دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریاں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حافظ شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ، بائیو سیکیور ماحول کی تیاری کیلئے ایس او پیز پر مشاورت جاری ہے، رواں ماہ کے آخری ہفتے سے دس روزہ کیمپ لگایا جائے گا۔

دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ایس او پیز کی تیاری کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم انتظامیہ کیساتھ مشاورت سے ایس او پیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے طویل کیمپ لگانے کا منصوبہ ترک کردیا گیا ہے جس کے بعد اہم ٹور کی تیاری کیلئے مختصر دورانیے کا کیمپ لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں 28 جون سے 7 جولائی تک کیمپ لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم مختلف ماہرین سے مشاورت کے بعد آئندہ ایک دو روز میں ہیڈ کوچ مصباح الحق سے حتمی مشاورت کریں گے جس کے بعض کیمپ کی تاریخوں کا حتمی کیا جائے گا۔ کیمپ میں 25 سے 30 کھلاڑیوں کو طلب کرنے پر پہلے ہی اتفاق ہوچکا ہے۔

یاد رہے قومی کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے، مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے شروع ہوگا۔

دوسری جانب سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہےکہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ منسلک ہونا عزت کی بات ہے اب بھی ویسے ہی جذبہ ہے جیسے پاکستان کے لئے کھیلنے کے لئے تھا، پلئیرز ڈویلپمنٹ کے لیئے ایک اچھا ویژن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور برانڈ بنائیں گے۔ ہم سب نے مل کر کام کرکے نوجوانوں کو ورلڈ کلاس کھلاڑی بنانا ہے۔