خان شہزاد:شہر میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سستا پروٹین بھی عام شہری، خصوصاً کم آمدن والے طبقے کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق آج برائلر گوشت کی قیمت میں 14 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا، جس کے بعد برائلر گوشت 417 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ زندہ برائلر کا فارم ریٹ 260 روپے، تھوک قیمت 274 روپے جبکہ پرچون قیمت 288 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت بھی برقرار بلند سطح پر ہے۔ فارمی انڈے 233 روپے فی درجن جبکہ ایک پیٹی 6 ہزار 870 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔