حسن علی:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پنجاب کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات اور یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، نوجوانوں کے کردار، تعلیم اور سماجی خدمات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران طلبہ و طالبات نے گورنر پنجاب کے فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے سماجی اور رضاکارانہ سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد میں شامل طلبہ کا تعلق پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں سے تھا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور سب سے بڑی امید ہیں، اس لیے انہیں تعلیم کے ساتھ قومی ترقی اور مثبت سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھنا ہوگا تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور محتسب پنجاب انہوں نے ہمیشہ غریب اور مستحق افراد کے مقدمات میں میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاست نیک نیتی اور عوامی خدمت کے جذبے سے کی جائے تو یہ بھی عبادت کے مترادف ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاست اور قومی معاملات میں مثبت انداز میں حصہ لیں، کیونکہ ملک کی ترقی اور بہتری میں نوجوان نسل کا کردار نہایت اہم ہے۔
ملاقات کے اختتام پر گورنر پنجاب نے طلبہ و طالبات کے مختلف سوالات کے تفصیلی جواب دیے اور ان کی آراء و تجاویز کو سراہا۔