عرفان ملک: سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر بھی سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں اور جوئے کے اڈوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فنانشل کرائمز کے مقدمات کی تفتیش پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بے گناہ شہری کی گرفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران قانون کے مطابق شفاف کارروائیاں یقینی بنائیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ گیٹڈ کمیونٹیز کے فروغ کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو اعتماد میں لیا جائے، جبکہ دیہی علاقوں میں نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ٹھیکری پہرہ مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں سکیورٹی بیریئرز کی تنصیب کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
سی سی پی او نے شہر بھر میں ڈالہ کلچر، غیر قانونی اسلحے کی نمائش اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ جدید اور پروفیشنل پولیسنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور مؤثر پولیس سروس فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی عمران کشور، ڈی آئی جی فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز توقیر محمد نعیم، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ایس پی صدر کی ہمشیرہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔