(ویب ڈیسک) بھارت میں بننے والی تیلگو اور کنڑ فلموں کی مشہور اداکارہ شری لیلا نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایسا انکشاف کیا ہے جس نے لوگوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ۔ محض 24 سال کی عمر میں تین بچوں کو گود لینے والی شری لیلا نے واضح کیا ہے کہ وہ خود کو ’’پوری طرح ماں‘‘ نہیں مانتیں، لیکن بچوں کی ذمہ داری اور انکی دیکھ بھال کے حوالے سے پوری طرح باخبر اور سنجیدہ ہیں۔
بھارتی اداکارہ شری لیلا نے ایک نہیں بلکہ تین بچوں کو گود لیا ہے، جن کی وہ دیکھ بھال کرتی ہیں۔ گلٹا پلس کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں جب شری لیلا سے فلمی کیریئر اور تین بچوں کی دیکھ بھال کے درمیان توازن کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’میں اس موضوع پر بات کرتے ہوئے اکثر الفاظ کی کمی محسوس کرتی ہوں اور گھبرا جاتی ہوں، لیکن انکی دیکھ بھال کے لیے مکمل انتظام موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک ماں نہیں ہوں، کیونکہ اس کے پیچھے ایک بالکل الگ ہی کہانی ہے۔ شری لیلا نے بتایا کہ یہ سفر انکی پہلی کنڑ فلم ’کس‘ (2019) کے دوران شروع ہوا، جب ڈائریکٹر انہیں ایک آشرم لے کر گئے۔

اداکارہ شری لیلا نے سال 2022 میں محض 21 سال کی عمر میں، آشرم سے دو معذور بچوں گرو اور شوبھیتا کو گود لیا۔ گزشتہ سال انہوں نے ایک ننھی بچی کو بھی گود لیا۔ شری لیلا کے مطابق بچے آشرم میں ہی رہتے ہیں، وہ ان سے فون پر بات کرتی ہیں اور ان سے ملنے جاتی رہتی ہیں۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ یہ بات کافی عرصے تک پوشیدہ رہی، لیکن ادارے نے ان سے کہا کہ وہ اسے پبلک کریں تاکہ دوسرے لوگ بھی اس سے ترغیب حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میں کسی کریڈٹ کی خواہش مند نہیں ہوں، بس چاہتی ہوں کہ لوگ اس سمت میں سوچنا شروع کریں۔
شری لیلا نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ بچے ان کے ساتھ رہیں، لیکن فی الحال ایسا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں اس بارے میں بات کرتی ہوں تو الفاظ کم پڑ جاتے ہیں اور گھبراہٹ ہوتی ہے، لیکن سب کچھ سنبھالا ہوا ہے۔

واضح رہےکہ اداکارہ شری لیلا نہ صرف اداکاری میں ماہر ہیں بلکہ وہ تربیت یافتہ بھرت ناٹیم ڈانسر بھی ہیں اور انہوں نے 2021 میں ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی ہے۔ ان کا کیریئر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وہ 2025 میں ’گنٹور کارم‘ اور ’پشپا 2: دی رول‘ کے خصوصی گانے ’کسیک‘ میں نظر آئیں، 2025 میں ہی ’رابن ہڈ‘، ’جونیئر‘ اور ’ماس جتھارا‘ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں۔ اب وہ تامل ڈیبیو فلم ’پرا شکتی‘ میں شیو کارتیکین کے ساتھ نظر آئیں گی۔