ویب ڈیسک : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب وانگ ژاؤ ہونگ سے ملاقات کی، جس کے دوران دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ اور فوری ردِعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں چینی وزیرداخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ اُن کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ محسن نقوی کی چینی ہم منصب وانگ ژاو ہونگ سے ساڑھے3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس کے دوران دوطرفہ تعلقات ، انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں انسداد دہشتگردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک پر گفتگو ہوئی جبکہ مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر 3 ماہ بعد میٹنگ پر اتفاق ہوا۔ وزرائے داخلہ کی سطح پر ہر سال ایک بار ملاقات ہوگی۔ اس دوران دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر زور دیا۔
چینی وزیرداخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ چینی وزیرداخلہ نے انسداد دہشتگردی اور داخلی سکیورٹی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی، جرائم کے خلاف مشترکہ وفوری ردعمل کا نظام مزید مؤثر بنانے اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیےٹریننگ ایکسچینج پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے پاک چین پولیس اوراداروں میں تجربات اورمعلومات کے تبادلہ یقینی بنانے پر زور دیا۔