سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کل کے سانحہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا، پاکستان میں کوئی گھر ایسا نہیں تھا جو کل غمگین نہ رہا ہو۔ داعش کا پورا نیٹ ورک پکڑ لیا، نوشہرہ، پشاور میں کارروائیاں کیں، ایک اہلکار رات کی کارروائیوں میں شہید ہو گئے۔ اب ثابت ہو چکا کہ داعش کے گروہ کو بھی فنڈنگ انڈیا نے کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کل کا دن پاکستان کیلیے اداس دن تھا ۔کوئی گھر ایسا نہیں تھا پاکستان میں جو غمگین نہ ہو ۔ انہوں نے کہاکل کے واقعے نے ہم سب کو ہلا دیا ہے۔ ہم شہداء اور ان کی فیملیز کیلیے دعا گو ہیں ۔ دھماکے کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ تمام ایجنسیوں نے کل رات کو کام کیا ۔ سی ٹی ڈی پشاور نے خاص طور سے بہترین کام کیا ۔ 3 بجے رات سارے لوگ پکڑے گئے ۔ میں سی ٹی ڈی پشاور اور تمام ایجنسیوں کو کریڈٹ دینا چاہوں گا ۔ دہشتگرد خودکش کے 4 سہولت کار پکڑے گئے۔ان کا ماسٹر مائنڈ داعش کا ہے، وہ بھی پکڑا گیا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اس دھماکے کی تحقیقات میں ایجنسیوں نے مربوط کام کیا۔سیکورٹی اداروں نے دھماکے کے تمام ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا ۔ نوشہرہ اور پشاور سے 4سہولت کار گرفتار کئے گئے۔ داعش افغانستان سے ساری ٹریننگ ہوئی ۔ اس وقت داعش کا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے۔ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کمال کا کام کیا اتنا جلدی پکڑنا بڑی بات ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ صرف فتنہ الہندوستان ٹی ٹی پی نہیں بلکہ 21 دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں۔ اگر1 دھماکا ہورہا ہےتو 99 وہ ہیں جو ہم روکنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ ایک اہلکار کل رات شہید ہو گیا۔ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے کے لئے کل رات کے چھاپوں کے دوران ایک اہلکار شہید ہوا گیا اور کچھ زخمی ہوئے۔ افغانستان سے کام کرنے والے تمام گروہ مل کر کام کر رہے ہیں۔حملے کی منصوبہ بندی داعش افغانستان نے کی ، حملے کی منصوبہ بندی اور ٹریننگ افغانستان میں ہوئی۔ حملہ آور کی ٹریول ہسٹری کی وجہ سے مجرمان تک پہچنے ۔ چاہیے ٹی ٹی پی ، افغان طالبان یا کوئی بھی ہو ں، یہ سب ملکر کام کررہے ہیں ۔ داعش کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے ، یہ دہشتگرد جہاں زیادہ پیسہ ملے اس کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ ان سب کا گٹھ جوڑ ہے ۔
محسن نقوی نے بتایا کہ دہشت گردوں کو پہلے 500 ڈالر ملتے تھے اب 1500 ڈالر مل رہے ہیں۔ بھارت نے مئی کی جنگ میں شکست کھانے کے بعد دہشتگردوں کے لئے 3 گنا بجٹ بڑھایا۔میں واضع طور پر کہہ رہا ہوں کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ بھارت کررہا ہے۔ ہم جنازے اٹھا رہے ہیں دنیا خاموش ہے۔ آج ہم افغانستان سے دہشت گردی کو جھیل رہے ہیں دنیاخاموش ہے، آج ہم لڑ رہے ہیں جب یہ دہشت گرد دنیا تک پہنچیں گے تو پتہ چلے گا۔ ہمارے لیے اس وقت کمیونٹی انٹیلی جنس سب سے اہم ہے ، شہری کسی بھی سرگرمی کے متعلق اداروں کو اطلاع دیں۔