ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری ایم اے رؤف لیبارٹری کے پہلے چیئر ہولڈر مقرر

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری ایم اے رؤف لیبارٹری کے پہلے چیئر ہولڈر مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز نے ممتازسائنسدان پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو ایم اے رؤف لیبارٹری کا پہلا چیئر ہولڈر مقرر کر دیا۔

 پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنسدان اور مصطفیٰ (ﷺ) انعام یافتہ شخصیت ہیں،یہ تقرری بائیوآرگینک اور نیچرل پروڈکٹس کیمسٹری کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں کی گئی ہے۔

 ایم اے رؤف لیبارٹری کا افتتاح ایک پروقار تقریب میں کیا گیا،معروف چینی سائنسدان وماہر تعلیم پروفیسر ژاؤ یوفین نے باضابطہ طور پر لیبارٹری کا افتتاح کیا،اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔

 پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل و حیاتیاتی علوم (ICCBS) میں ڈسٹنگوئشڈ نیشنل پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،وہ COMSTECH (اسلامی تعاون تنظیم OIC کی سائنسی اور تکنیکی تعاون کی وزارتی سطح کی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر جنرل بھی ہیں،اس کے علاوہ، وہ دی ورلڈ اکیڈمی آف سائنسزکے سینٹرل اور ساؤتھ ایشیا کے نائب صدر اور روایتی طبی تحقیق کے لیے عالمی ادارہ صحت  کے ماہر بھی ہیں۔

  پروفیسرڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری میں نمایاں سائنسی خدمات انجام دی ہیں،انہوں نے افریقی اور ایشیائی خطے میں سائنسی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،ان کی کوششوں سے پاکستان، افریقہ، وسطی اور جنوبی ایشیا میں کئی تحقیقی مراکز قائم ہوئے ،انہوں نے سینکڑوں محققین بالخصوص خواتین سائنسدانوں کو تربیت بھی فراہم کی ہے۔

 پروفیسر چوہدری کو متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازاجاچکا ہے،انہیں صدرِ پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز، ستارہِ امتیاز اور تمغہِ امتیاز سے نوازا جا چکا ہے، انہوں نے مصطفیٰ (ﷺ) انعام بھی جیتا ہے جسے "مسلم دنیا کا نوبل انعام" کہا جاتا ہے،شیخ زاید انٹرنیشنل ایوارڈ برائے روایتی طب اور چینی حکومت کا فرینڈشپ ایوارڈبھی ان کے حصے میں آچکاہے ۔

 پروفیسر چوہدری کی 1370 سے زائد سائنسی تحقیقات شائع ہوچکی ہیں جن کا مجموعی امپیکٹ فیکٹر 3,800 سے زیادہ ہے،ان کی تحقیق کو 46,041 مرتبہ حوالہ جات (citations) دیئے جا چکے ہیں اور ان کا h-index 88 ہے، 94 کتب اور 40 کتابی ابواب کے بھی وہ مصنف ہیں،اس کے علاوہ وہ 94 پیٹنٹس کے حامل ہیں جن میں سے 64 امریکی پیٹنٹس ہیں۔ 

 ان کی زیرنگرانی 100 سے زائد پی ایچ ڈی طالب علم اپنی تحقیق مکمل کر چکے ہیں۔

 ایم اے رؤف لیبارٹری کا قیام یونیورسٹی آف لاہور کی ایک تاریخی پیش رفت ہے جو پروفیسر چوہدری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ سائنسی تحقیق اور جدت کے فروغ میں یونیورسٹی کے عزم کو بھی نمایاں کرتا ہے،اس اقدام سے یونیورسٹی آف لاہور کو عالمی سطح پر مزید تقویت ملے گی۔