سٹی 42:ہ 20 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل فائیو میں6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،ان چھ ٹیموں میں دنیا کے بہترین کرکٹر شامل ہوں گے،اس پی ایس ایل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔کراچی میں شروع ہونیوالی پاکستان سپرلیگ کا اختتام لاہور میں ہوگا۔ہر ٹیم کی خواہش ہے کہ وہ بہتر سے بہتر کھیل پیش کرے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں خطاب کیا،وہاں خطاب کرنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل ہی نہیں، بھرپور زندگی بھی سکھانے کی ضرورت ہے، بھارت کی کامیابی کی وجہ اس کے کھلاڑیوں کا اعتماد تھا، ہمارے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ بیرون ملک دورے کرانے کا اہتمام کیا جائے اور ان کے مقابلے براہ راست نشر کیے جائیں۔
یونس خان نے پی سی بی کو ایک بار پھر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پی سی بی کو معلوم نہیں کہ اسے کیا کرنا ہے، انڈر19 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست افسوسناک ہے، میرے خیال میں حریف ٹیم نے پاکستان کے خلاف بھرپور اعتماد اور میچورکھیل کا مظاہرہ کیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ 20 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل فائیو میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں، لیگ کا پہلی بار مکمل طور پر پرپاکستان میں منعقد ہونا خوش آئند ہے، سب ٹیمیں بھرپور محنت کر رہی ہیں لیکن میری ذاتی طور پر خواہش ہے کہ لاہور قلندر ٹائٹل جیتے۔
یادر ہے اس مرتبہ پی ایس ایل کے میچز لاہور،کراچی ،ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے،اس مرتبہ بھی اسلام آباد یونائٹڈ،لاہور قلندرز، پشاور زلمی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔