شناختی کارڈ کی شرط، تاجروں کیلئے درد سر بن گئی

شناختی کارڈ کی شرط، تاجروں کیلئے درد سر بن گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہزاد خان ) پچاس ہزار کی خریداری کے ساتھ شناختی کارڈ کی شرط سے خریدار سراسیمہ، دکاندار پریشان، تھوک بازاروں اور معروف مارکیٹوں میں سناٹے چھاگئے، سیلز خطرناک حد تک گر گئی، شاہ عالم مارکیٹ، پیپر مارکیٹ، سرکلر روڈ، انارکلی کے تاجران کہتے ہیں شناختی کارڈ کے اطلاق کی شرط ختم نہ ہوئی تو ہڑتالی تاجروں کیساتھ کھڑے ہوجائیں گے۔

عید قریب ہے مگر مارکیٹوں میں ہو کا عالم !!! سناٹوں کو چیر کر کوئی گاہک پہنچ بھی جائے تو شناختی کارڈ کی شرط دامن گیر رہے، درحقیقت نئے ٹیکس قوانین کا اطلاق تاجروں کیلئے درد سر بن چکا ہے۔ صدر ڈی پلازہ شاہ عالم مارکیٹ شہزادہ بابر ملک نے کہا کہ شناختی کارڈ کی شرط نے کاروبار تباہ کرکے رکھ دیئے، اسی لئے عید الاضحیٰ کے باوجود کاروبار جمہود کا شکار ہیں۔

انارکلی بازار، اردو بازار، سرکلر روڈ کی کاروباری برادری نے بھی شناختی کارڈ کی شرط کے اطلاق پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ تاجروں نے کہا کہ بدترین مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید پہلے ہی نہ ہونے کے برابر ، رہی سہی کسر شناختی کارڈ کے اطلاق نے پوری کردی ہے، شہری خریداری سے اجتناب کرنے لگے ہیں۔

بال بیئرنگ مارکیٹ، اکبری منڈی، شاہ عالم اور بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں کے تاجران نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچاس ہزار سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط کو ختم نہ کیا گیا تو چار روز ہڑتال کی کال پر لبیک کہیں گے۔