سٹی42:بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، بشریٰ بی بی نے وکلاء کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی بطور خاتونِ اول وزیراعظم ہاؤس میں مقیم رہی ہیں، بشریٰ بی بی اپنی بہتر معیار زندگی کی وجہ سے قانون کے مطابق بہتر سہولیات کی حقدار ہیں، بشریٰ بی بی نے بہتر سہولیات کے لیے جیل حکام کو درخواست کی۔
درخواست میں کہا گیا سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر کان نہیں دھرے،بشریٰ بی بی کے شوہر بانی پی ٹی آئی کو اسی جیل میں بہتر سہولیات کا حقدار قرار دیا گیا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ فریقین کو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی جائے۔
جیل رولز 1978 کے تحت بشری بی بی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا جائے،درخواست میں وفاق، سپرٹنیڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے ، بشری بی بی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔