ویب ڈیسک: سیلاب متاثرین کیلئے امریکا کی جانب سے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا۔ امریکی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق پاکستان میں تباہ کن اور بڑے پیمانے پر آنے والے حالیہ سیلاب کے متاثرین کیلئے امریکی فوجی طیاروں نے پاکستانی فوج کی درخواست پر ضروری امدادی سامان نور خان ایئر بیس پر پہنچایا۔
امریکا کی جانب سے یہ امداد قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھیجی گئی ہے۔
نور خان ایئر بیس پر امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے متاثرہ پاکستانی عوام کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے لیے جلد بحالی کی خواہشات رکھتی ہیں جن کی زندگیاں اس تباہ کن سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ شدید بارشوں اور بھارت کے ڈیموں سے پانی کے اخراج کے بعد پاکستان کا صوبہ پنجاب سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں لاکھوں افراد سیلاب سے متاثر ہیں، لوگوں کے گھر پانی میں ڈوب چکے ہیں، فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، بڑی تعداد میں لوگ گھر بار چھوڑ کر کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی قوم کو ملکی سلامتی کیلئے یکجا ہونا ہوگا:علی امین گنڈاپور
حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو اپنے وسائل سے ہٹ کر عالمی امداد کی بھی ضرورت ہے، اقوام متحدہ، برطانیہ کے بعد اب امریکا نے بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان پاکستان بھیجا ہے۔
پنجاب سے سندھ میں داخل ہونے والے سیلاب کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے 16 لاکھ سے زائد لوگوں کے متاثر ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اگر سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب آیا تو صورت حال مزید بد تر ہوجائے گی، اس نازک وقت میں پاکستان کو شدید مالیاتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔