ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

والد کے انتقال کے بعد کنسرٹ کرنے پر تنقید، عاطف اسلم کا دوٹوک مؤقف

والد کے انتقال کے بعد کنسرٹ کرنے پر تنقید، عاطف اسلم کا دوٹوک مؤقف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے حالیہ دنوں والد کے انتقال کے بعد کنسرٹ کرنے پر ہونے والی تنقید کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ صرف میرا ہے کہ مجھے اسٹیج پر جانا چاہیے یا نہیں اور اس کے لیے مجھے کسی کی اجازت یا رائے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ہر کسی کو اپنی وضاحت دینے کے پابند نہیں اور ان کی زندگی پوری دنیا کے لیے نہیں ہو سکتی۔

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم ان دنوں پاکستان سمیت بیرونِ ملک مسلسل کنسرٹس میں مصروف ہیں اور اپنی جاندار آواز اور پرفارمنس کے ذریعے مداحوں کے دل جیت رہے ہیں۔ فی الحال وہ کینیڈا میں مقیم اپنے مداحوں کو محظوظ کر رہے ہیں، جہاں ان کے کنسرٹس کو زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

حال ہی میں کینیڈا میں مقیم بھارتی نژاد صحافی فریدون شہریار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عاطف اسلم نے ان پر ہونے والی حالیہ تنقید پر کھل کر بات کی۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اعتراض اٹھایا تھا کہ عاطف اسلم نے اپنے والد کے انتقال کے فوراً بعد کنسرٹ کیا، جس پر مختلف آرا اور تبصرے سامنے آئے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ جب لوگ میرے بارے میں منفی باتیں کرتے ہیں تو مجھ میں بغاوت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میرے بارے میں افواہیں پھیلائی گئیں کہ والد کے انتقال کے بعد بھی میں اسٹیج پر پرفارم کر رہا تھا جبکہ لوگوں نے میرے دکھ کو اپنے چینلز کی کمائی کا ذریعہ بنا لیا۔"

عاطف اسلم نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ صرف میرا ہے کہ مجھے پرفارم کرنا چاہیے یا نہیں اور اس کے لیے مجھے کسی کی اجازت یا رائے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ "یہ میرا کام نہیں کہ میں ہر کسی کو اپنی وضاحت دیتا پھروں۔"

عاطف اسلم نے مزید کہا کہ میری زندگی پوری دنیا کے لیے نہیں ہے۔ "آپ مجھے میرے فن کے لیے پسند یا ناپسند کر سکتے ہیں، لیکن یہ کسی کو حق نہیں دیتا کہ وہ میری ذاتی زندگی میں مداخلت کرے یا مجھے جج کرے۔" انہوں نے واضح کیا کہ وہ ہر بار صفائی دینے کے پابند نہیں اور لوگوں کو یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے۔

عاطف اسلم کی جانب سے دیے گئے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردِعمل موصول ہو رہا ہے تاہم بہت سے مداح ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں اور ان کے ذاتی فیصلے کا احترام کر رہے ہیں۔