عمران سعیدی: علی پور میں پھلوں کے بادشاہ آم کی فصل اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے، آم کے باغات پر مختلف بیماریاں حملہ آور ہو چکی ہیں جس کے باعث پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی آم کی فصل مینگو ہاپر، فنگس، تیلے اور تھرپس جیسی بیماریوں کی لپیٹ میں آ گئی ہے۔ ان بیماریوں کے سبب آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچنے لگا ہے جس پر باغبان شدید پریشان نظر آ رہے ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر وسیم عباس نقوی کا کہنا ہے کہ اگر آم کے باغات کی بروقت نگہداشت نہ کی گئی تو پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق بیماریوں سے بچاؤ کے لیے سپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔
دوسری جانب باغبانوں کا کہنا ہے کہ بیماریوں کے حملے کے بعد وہ محکمہ زراعت کی رہنمائی سے سپرے اور دیگر ضروری اقدامات کر رہے ہیں تاکہ آم کی فصل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
محکمہ زراعت کی ٹیمیں بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور آم کے باغات کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔