وزیر اعلیٰ پنجاب کا فنکاروں کیلئے امداد کا اعلان خوش آئند ہے:سٹیج پروڈیوسرز

وزیر اعلیٰ پنجاب کا فنکاروں کیلئے امداد کا اعلان خوش آئند ہے:سٹیج پروڈیوسرز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شہر بھر سے (زین مدنی ) کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لئے ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھیٹر انڈسٹری کے افراد اور جونیئر فنکار معاشی حالات خراب ہونے کی وجہ سے کسمپرسی کی حالت گزار رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے ان فنکاروں کے لئے امداد کا اعلان خوش آئند ہے۔یہ باتیں سٹیج کے نامور پروڈیوسرز قیصر ثناءاللہ خان، اکبر بٹ ،ارشد چوہدری، علی جمشید ،محمد یوسف ،سیف گورائیہ ،چنگیز اعوان سمیت دیگر نے میڈیا سے بات چیت میں کیں۔

سٹیج پرڈیوسر قیصر ثناءاللہ خان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حکومت فنکاروں کو امداد ضرور دے گی اور فنکاروں سے دھوکہ نہیں کرے گی کیونکہ ماضی میں متعدد فنکاروں کو یہ گلہ ہی رہاہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے کوئی امداد نہیں مل رہی۔ قیصر ثناءاللہ خان نے کہا کہ وہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے فنکاروں کے مسئلے کو حکومتی سطح پر اٹھایا اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے امداد کا اعلان کیا۔

سٹیج پرڈیوسر اکبر بٹ، ارشد چوہدری سمیت دیگر نے کہا کہ فنکاروں کو تھیٹر بند ہونے پر برے حالات کا سامنا ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ امداد کے ساتھ عید الفطر پر احتیاطی تدابیروں کے ساتھ تھیٹر کھولنے کی اجازت دیں۔

پرڈیوسرز کا کہنا ہے کہ اگر سبزی منڈی، اکبری منڈی سمیت دیگر بازار اور مارکیٹیں کھل سکتی ہیں تو احتیاطی تدابیر کے ساتھ تھیٹر ہالز کھولنے کی اجازت بھی دی جائے تاکہ دیہاڑی دار فنکار وں کو روزگارمل سکے اور وہ بے روزگار نہ ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دیں گے، لاک ڈاؤن کے باعث دیگر طبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کریں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer