علی ساہی: من پسند اور پرکشش نمبرز خریدنے والے صارفین کے لیے بُری خبر ،کیبنٹ کمیٹی نے پرکشش نمبرز کی بنیادی قیمتیں بڑھانے کی تجویز کو منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز حکام کے مطابق 64 پرکشش نمبروں کی بنیادی قیمتوں میں 5 سے 10 گنا اضافہ ہوگا۔
اضافے کے بعد اب ای-آکشن میں 1، 3، 5، 7، 9 اور 786 نمبرز کی بنیادی قیمت 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ قیمت 10 ہزار روپے تھی۔
اسی طرح ڈبل نمبروں کی بنیادی قیمت 7,500 روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے، اور ٹرپل نمبروں کی قیمت 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کی جائے گی۔
مزید برآں، 999 نمبروں کی سریز میں باقی نمبرز کو ایڈوانس خریداری کے لیے 10 ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
نئے سسٹم کے تحت روزانہ 3 سریز گاڑیوں اور 1 سریز موٹر سائیکلوں کی جاری کی جائے گی۔
ڈی جی ایکسائز کی جانب سے بنیادی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو بھیجی گئی تھی، جس کی منظوری کے بعد یہ تبدیلیاں نافذ کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ محکمہ ایکسائز کے زیرِ انتظام پشاور میں ہونے والی چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں صرف ایک دن میں 47 کروڑ 3 لاکھ روپے کی ریکارڈ بولیاں لگیں جبکہ نیلامی میں مجموعی طور پر 30 منفرد نمبر شامل تھے۔