(جنید ریاض)پنجاب ایسوسی ایشن آف کمپیوٹر ٹیچر کے صدر کاشف شہزاد چودھری کا کہنا ہے کہ فوری طور پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد اضافہ کیا جائے بصورت دیگر سرکاری ملازمین کا اتحاد ’’اگیگا پنجاب‘‘ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کا گھیراؤ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیکٹ پنجاب نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے۔ صدر کاشف چودھری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کےمطابق پنجاب حکومت فوری نوٹیفکیشن جاری کرے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ معاہدہ پر عملدرآمد پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔
پیکٹ پنجاب کے صدر کاشف شہزاد نے مزید کہا کہ تنخواہوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن کر کےسرکاری ملازمین کی پریشانی ختم کی جائے۔انہوں نے دھمکی دی کہ فوری اضافہ نہ ہوا تو سرکاری ملازمین کا اتحاد ’’اگیگا پنجاب‘‘ وزیراعلی کے دفتر کا گھیراؤ کرے گا۔
قبل ا زیں لاہور سمیت پنجاب بھر کے ہزاروں آئی ٹی ٹیچرز اور لیب انچارچ کو کمپیوٹر الاؤنس دینے کا اعلان کیاگیا تھا، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اضلاع سے کمپیوٹر ٹیچرز اور آئی ٹی انچارج کی تفصیلات طلب کی تھیں، تمام اساتذہ کو 750 روپے ماہانہ الاؤنس دیا جانے پر اتفاق ہوا تھا، سکول ایجوکیشن نے تمام اتھارٹیز کو سکولوں میں موجود آئی ٹی ٹیچرز کی آسامیوں کی تعداد فراہم کرنے کے لئے مراسلہ بھی جاری کیاتھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں سر کاری ملا زموں کی تنخواہیں بڑھانے کی اصولی منظوری دے دی گئی تھی،گریڈ ایک تا 16 کے 3 لاکھ 70 ہزار ملازموں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جانے کا فیصلہ کیاگیا تھا جبکہ صوبائی اداروں کے ملازموں کی تنخواہوں کے معاملات صوبوں کے سپرد کئے گئے تھے۔