پی ایس ایل ملتوی ہونے پر نجم سیٹھی پی سی بی پر برس پڑے

پی ایس ایل ملتوی ہونے پر نجم سیٹھی پی سی بی پر برس پڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

نشتر پارک ( حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ  2021 کے غیر معینہ مدت تک التوا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سارے معاملات کا ذمہ دار بورڈ ہے۔

 پی سی ایل کی بنیاد رکھنے اور عالمی سطح پر متعارف کروانے والے سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'پی ایس ایل 6 کے اچانک التوا سے لیگ کے مستقبل پر منفی اثر پڑا ہے اور رپورٹس آرہی ہیں کہ پی سی بی ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا جس کے نتیجے میں کئی فرنچائز کے مالکان اور ان کے رشتہ دار، کھلاڑیوں اور پی سی بی کے عہدیداروں نے سٹیڈیم میں ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔ان میں سے بعض افراد کو ڈگ آؤٹ میں بیٹھے دیکھا گیا جو مضحکہ خیز بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے آن بورڈ لیا جانا چاہیے تھا کیونکہ پی ایس ایل قومی برانڈ ہے اور اس کا کامیاب انعقاد ملک کا تشخص اجاگر کرتا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'اگر این سی او سی نے پہلے 20 فیصد اور پھر 50 فیصد تماشائیوں کو میدان میں آنے اور پھر پلے آف میچوں میں 100 فیصد تماشائیوں کی اجازت دی تھی تو ان کو کووڈـ19 پروٹوکولز اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ٹیم تعینات کردینی چاہیے تھی۔

پی ایس ایل کے مالی نقصان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں کوئی نہیں بتا سکتا کہ کتنا مالی نقصان ہوگا لیکن یہ بہت بڑا نقصان ہوگا کیونکہ براڈ کاسٹرز، اسپانسرز، فرنچائز، کھلاڑیوں اور انتظامیہ مالی نقصان اور اس کے ازالے کے لیے آواز بلند کریں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer