وقاص احمد: باغبانپورہ کے علاقے محمود بوٹی میں کھلے مین ہول میں ایک بچی کے گر کر زخمی ہونے کے واقعے پر پولیس نے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس تحقیقات کے مطابق محمود بوٹی کے علاقے میں ایک نجی کمپنی کو سیوریج لائنوں اور گلیوں کی تعمیر و بحالی کا ٹھیکہ دیا گیا تھا، جس کا ٹھیکیدار سلمان تھا۔ الزام ہے کہ ٹھیکیدار نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین ہول کھلا چھوڑ دیا، جس کے باعث ایک کمسن بچی اس میں گر کر زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق سب انجینئر شیراز حسن کی مدعیت میں ٹھیکیدار سلمان کے خلاف مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337 ایچ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں بچی کو سڑک پر چلتے ہوئے اچانک کھلے مین ہول میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے جہاں علاقہ مکینوں نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کو مین ہول سے بحفاظت نکال لیا، جس کے بعد اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ کھلے مین ہول کے حوالے سے متعدد بار واسا حکام کو شکایات کر چکے تھے، تاہم بروقت اقدامات نہ کیے جانے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔