طاہر جمیل: شہر میں نان روٹی ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان روٹی کی نئی سرکاری قیمت کے تعین پر ڈیڈلاک برقرار ہے، جس کے باعث سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد تاحال ممکن نہیں ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں روٹی کی فروخت سرکاری نرخ کے برعکس 20 روپے تک جاری ہے، جبکہ سرکاری طور پر روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نانبائی ایسوسی ایشن نے واضح طور پر 14 روپے میں روٹی فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ مہنگی ایل پی جی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
نانبائی نمائندوں کے مطابق 14 روپے میں روٹی فروخت کرنے سے اخراجات پورے نہیں ہوتے، جس کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
ادھر انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا۔