ابوبکر ارشاد: شہر میں سوئی گیس کے کم پریشر اور مسلسل قلت کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقررہ اوقات کار کے دوران بھی گیس کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا رہی، جس سے گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث ایل پی جی کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم اس کی قیمتیں بھی مسلسل بلند سطح پر برقرار ہیں۔ مارکیٹ میں شہریوں کو ایل پی جی 430 سے 460 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک طرف سوئی گیس کے باقاعدہ بل ادا کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب گیس نہ ملنے پر مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال کا سب سے زیادہ بوجھ سفید پوش اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس بحران اور مہنگی ایل پی جی نے روزمرہ زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے، اس لیے متعلقہ ادارے فوری اقدامات کر کے صورتحال میں بہتری لائیں۔