(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی اپنے صاحبزادے حسن نواز کے ہمراہ ایک اور تصویر منظرعام پر آگئی ہے۔
گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی لندن کے کافی شاپ میں خاندان کے افراد کے ساتھ بیٹھنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اس پر نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہہ نواز شریف کی تصویر جاری کرنے کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ جو لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر میری بے ہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں، ان کیلئے میاں صاحب کے گھر کی خواتین اور بچیوں کی چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟ اس تصویر سے میاں صاحب کے چاہنے والے خوش ہوئے ہیں اور ان کو حوصلہ ملا ہے۔
مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ان کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ ایسی حرکتوں سے یہ صرف اپنا مزید نقصان اور میاں صاحب کا انجانے میں فائدہ کر جاتے ہیں، ان کو اصل تکلیف اس بات کی ہے کہ پوری قوت اور طاقت کے اندھے استعمال کے باوجود نواز شریف کو نقصان نہیں پہنچا سکے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کی تصویر نے دو دن سے کرائے کے ترجمانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، نواز شریف کا پُرمسرت اور پُرسکون چہرہ بنی گالہ ٹولے سے برداشت نہیں ہورہا۔
اب سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹے حسن نواز کے ہمراہ ایک اور تصویر منظرعام پر آئی ہے، تصویر میں نواز شریف، حسن نواز کے ہمراہ پارک لین پر چہل قدمی کرتے نظر آرہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے نوازشریف کو روزانہ ایک گھنٹہ واک کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کیلئے لندن میں مقیم ہیں۔