ملک اشرف : حکومت پنجاب کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے لاء افسران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میچ جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز نے اپنی جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی ۔
ٹورنامنٹ کے میچز سپورٹس کمپلیکس جی او آر ٹو لاہور میں کھیلے گئے، جن میں حکومت پنجاب کے 28 انتظامی محکموں نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کو شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔فائنل مقابلہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ایڈووکیٹ جنرل آفس کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور ٹرافی اپنے نام کر لی ،اختتامی تقریب میں سیکرٹری امپلیمنٹیشن اینڈ کوارڈینیشن (آئی اینڈ سی) نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے اور ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کی ٹیم کے منیجر کے فرائض اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے انجام دیے، جبکہ ٹیم کی قیادت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اویس ارشد نے کپتان کی حیثیت سے کی۔فاتح ٹیم میں لاء افسران عمر فاروق خان، عمران خان، بیرسٹر زرغام لکھیسر، لیگل کنسلٹنٹ عادل چٹھہ اور حمزہ ارشد سمیت دیگر کھلاڑی شامل تھے، جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں نمایاں کھیل پیش کیا۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر حمزہ ارشد کو ان کی شاندار بیٹنگ پر "بہترین بلے باز" قرار دیا گیا، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کی ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بھی بھرپور سراہا گیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے بین المحکماتی کھیلوں کے مقابلے نہ صرف سرکاری افسران میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مختلف محکموں کے درمیان باہمی تعاون، ہم آہنگی اور ٹیم ورک کے جذبے کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔