زاہد چودھری:لاہور کے میو ہسپتال کے شعبہ کارڈیالوجی میں ایئرکنڈیشننگ سسٹم خراب ہونے کے باعث انجیوگرافی سروسز شدید متاثر ہو گئی ہیں۔
کولنگ سسٹم بند ہونے کے سبب معمول کے مطابق ہونے والی الیکٹو انجیوگرافی کی فہرست منسوخ کر دی گئی، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے متعدد مریضوں کے ٹیسٹ تعطل کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق انجیوگرافی کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں نئی تاریخیں دے کر واپس بھیجا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق روزانہ ایک درجن سے زائد مریضوں کے ٹیسٹ منسوخ ہونے سے علاج کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرکنڈیشننگ سسٹم بند ہونے سے انجیوگرافی مشین کے زیادہ گرم (ہیٹ اپ) ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے باعث صرف ہنگامی نوعیت کی محدود پرائمری انجیوگرافی کی سہولت ہی فراہم کی جا رہی ہے۔