شاہد ندیم سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گزشتہ ایک سال کے دوران بلوں کی مد میں نادہندگان سے 1 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کر لی۔
لیسکو کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 2 ارب 19 کروڑ 74 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، جس کے دوران 63 ہزار سے زائد نادہندہ صارفین سے واجبات وصول کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق 40 ہزار 470 رننگ نادہندگان سے 1 ارب 47 کروڑ 44 لاکھ 43 ہزار روپے جبکہ 23 ہزار 459 منقطع شدہ نادہندگان سے 72 کروڑ 29 لاکھ 97 ہزار روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
سرکل وار کارکردگی کے مطابق سنٹرل سرکل نے 9 ہزار 490 نادہندگان سے 39 کروڑ 66 لاکھ 66 ہزار روپے، ایسٹرن سرکل نے 4 ہزار 315 صارفین سے 32 کروڑ 96 لاکھ 68 ہزار روپے جبکہ ناردرن سرکل نے مالی سال 2025-26 کے دوران 21 کروڑ 49 لاکھ روپے کی ریکوری کی۔
اسی طرح سدرن سرکل نے 9 کروڑ 54 لاکھ 46 ہزار روپے، ننکانہ سرکل نے 6 کروڑ 89 لاکھ 4 ہزار روپے، شیخوپورہ سرکل نے 13 کروڑ 43 لاکھ 32 ہزار روپے اور اوکاڑہ سرکل نے 13 کروڑ 40 لاکھ 3 ہزار روپے کے واجبات وصول کیے۔
قصور سرکل نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 30 ہزار 26 نادہندگان سے 82 کروڑ 34 لاکھ 42 ہزار روپے کی ریکوری کی۔
سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز نے ریکوری اہداف کے حصول میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واجبات کی بروقت وصولی سے ادارے کی مالی پوزیشن مستحکم ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی تسلسل سے جاری رہیں گی تاکہ بجلی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جا سکے۔