ویب ڈیسک: دہلی سے دبئی جاتے ہوئے فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارتی نجی ایئر لائن کا طیارہ مرمت کے بعد واپس دہلی روانہ ہوگیا۔
بھارت کی ہوائی کمپنی اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 11 کے زیرِ استعمال بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں گزشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، ہنگامی صورتِ حال میں پائلٹ کے رابطہ کرنے پرپاکستان نے اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کی اجازت دے دی ۔
مسافروں کو عملے کے 12 ارکان سمیت کراچی ایئر پورٹ کے لاؤنج میں رہنے کی بھی اجازت دے دی گئی جہاں 12 گھنٹے گزارنے کے بعد ان کو متعبادل طیارے سے دبئی روانہ کردیا گیا۔
خراب طیارے کا پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے انجینئرز نے معائنہ کیا اور بدھ کی صبح 3 بجے بھارتی طیارے کا نقص دور کر دیا گیا جس کے بعد یہ طیارہ کراچی سے پرواز کرگیا اور5 بجے واپس دہلی لینڈ کر گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال 21 مارچ کو دہلی سے دوہا جانے والی پرواز کو بھی فنی خرابی کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا گیا تھا۔