ویب ڈیسک: پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اس وقت لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، جہاں انہیں مکمل فٹ کرنے کے لیے پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں تربیت اور فٹنس اسسمنٹ جاری ہے۔ بورڈ کو امید ہے کہ شاہین آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق شاہین کی ری ہیب میں گھٹنے کی حالت، ورک لوڈ اور مجموعی فٹنس کا مرحلہ وار جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے گھٹنے کی تکلیف کے باعث دستبردار ہو گئے تھے، جس کے بعد پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان کو برسبین ہیٹ کی ٹیم میں ان کا متبادل بنایا گیا ہے۔
زمان خان اپنی رفتار اور ڈیتھ اوورز میں مؤثر بولنگ کی وجہ سے ٹیم کے لیے اہم اضافہ سمجھے جا رہے ہیں اور ہفتے کو سڈنی تھنڈرز کے خلاف میچ میں دستیاب ہوں گے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شاہین کی صحت اور فٹنس ان کی اولین ترجیح ہے اور انہیں مکمل طور پر فٹ کیے بغیر میدان میں نہیں اتارا جائے گا۔