ویب ڈیسک: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان 4مبینہ مقابلے ہوئے، جن میں 3ڈاکو ہلاک اور 7گرفتار ہوگئے، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پہلا واقعہ جہان آباد کے علاقے پاک کالونی میں پیش آیا، جہاں تین ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو چھیپا حکام نے سول ہسپتال منتقل کیا، لیکن وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت گلاب خان، حنیف اور سلیمان کے ناموں سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
دوسرا واقعہ سہراب گوٹھ کے علاقے تاج پیٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ چھیپا حکام کے مطابق گرفتار ملزم عزیز اللہ کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ملزم سے پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی۔
تیسرا واقعہ مومن آباد پولیس کے علاقے رحیم شاہ کالونی میں پیش آیا، جہاں چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ ان کی شناخت عمران عزیز، عادل، معاویہ اور عاقب کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے 9 موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
چوتھا واقعہ گلشنِ معمار کے علاقے میں ہوا، جہاں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ زخمی ملزم عبدالصمد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نور محمد عرف ماہنور کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔